نئی دہلی، 14جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہریانہ کے وزیر انل وج کی طرف سے مہاتما گاندھی پر دئے گئے متنازعہ بیان کی چہارجانب مذمت ہو رہی ہے۔مخالف جماعتوں کے ساتھ ساتھ خود ان کی پارٹی بی جے پی نے بھی ان کے بیان کی سخت تنقید کی ہے۔راشٹریہ جنتا دل کے صدرلالوپرساد یادو نے کہا کہ یہ (وج)ہندوستان کے نالائق بیٹے ہیں جو بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ذلیل کر رہے ہیں۔لالونے کہاکہ وزیر بنے ایسے لوگوں کو اس طرح کا برتاؤ کرتے ہوئے تھوڑی بھی شرم نہیں آتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ وج نے انبالہ میں ایک عوامی اجتماع میں کہا کہ مہاتما گاندھی کے نام سے کھادی مصنوعات کی فروخت گھٹ گئی جس دن مہاتماگاندھی کی تصویر روپے پر شائع ہوئی۔ اس کی قیمت گھٹنی شروع ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ کیلنڈر اور ڈائری پر گاندھی کی جگہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر لگانے کا فیصلہ بالکل صحیح ہے۔